03-Dec-2025
ادارہ ترقیات کراچی محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے ڈی اے کا عملہ کورنگی سیکٹر 48-B میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی کارروائی کررہا ہے۔
ترقیات کراچی کے شعبہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے عملے نے کمرشل پلاٹ نمبر ایس اے 1 ایس ٹی 1/1 سیکٹر 48-B کورنگی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے ڈی اے محمد معراج کی نگرانی میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے مزاحمت بھی سامنے آئی، تاہم کارروائی بلا تعطل جاری رہی۔ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قابضین اور تجاوزات مافیا کے خلاف بھرپور قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رہیں گی ۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی صورت کے ڈی اے کی اراضیوں پر غیر قانونی قبضے یا تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کہا کہ کورنگی سمیت شہر بھر کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے انہدامی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامع منصوبہ بندی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مضبوط تعاون کے ذریعے کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں جاری آپریشنز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے مطابق چند شرپسند عناصر ادارے کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ادارہ ترقیات کراچی گزشتہ کئی برسوں سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کامیاب کارروائیاں کررہا ہے۔ مختلف علاقوں میں کھیلوں کے میدانوں اور تفریحی پارکس پر قائم تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرکے انہیں عوام کے لیے بحال کیا گیا، جب کہ ہزاروں ایکڑ اراضی واگزار کروا کر مستقل نگرانی کا نظام بھی نافذ کیا گیا ہے۔
ادارہ ترقیات کراچی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون اور ریاستی اداروں کی مدد سے شہر کو تجاوزات سے پاک رکھنے کا مشن جاری رہے گا۔