14-May-2026
کے ڈی اے کی دو روزہ نیلامی عام کامیابی سے مکمل، شفاف اور منظم انداز میں نیلامی کا انعقاد۔ نیلامی کے انعقاد کا مقصد شفافیت اور عوامی اعتماد کو فروغ دینا ہے، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی
ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے غیر قابلِ استعمال پلانٹس، بھاری مشینری، سرکاری گاڑیوں کے اسکریپ اور دیگر متفرق سامان کی نیلام عام کا انعقاد شفاف، منظم اور اطمینان بخش انداز میں کیا گیا۔نیلامی کے دوسرے روز ممبر فنانس کے ڈی اے، نوید انور صدیقی نے پری اسٹریسڈ پائپ فیکٹری میں جاری نیلامی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے نیلامی کے انتظامات، شفافیت اور شرکاء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ نیلامی کے تمام مراحل مقررہ قواعد و ضوابط اور مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کہا کہ نیلامی کے انعقاد کا مقصد شفافیت، احتساب اور عوامی اعتماد کو فروغ دینا ہے، تاکہ ادارے کے غیر استعمال شدہ اثاثوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے بہتر مالی وسائل حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے نیلامی میں عوام اور کاروباری حلقوں کی بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ کے ڈی اے کی جانب سے نیلامی عام13 اور14 مئی 2026ء کو پری اسٹریسڈ پائپ فیکٹری، ڈالمیا روڈ کراچی میں منعقد کی گئی، جس میں مختلف افراد اور اداروں نے بھرپور دلچسپی کے ساتھ شرکت کی۔ نیلامی کے عمل کو مزید شفاف اور عوامی رسائی کے قابل بنانے کے لیے فیس بک پر لائیو اسٹریمنگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔نیلامی میں انچارج پائپ فیکٹری محمد عارف، اکاؤنٹس آفیسر ندیم تاج، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی ارسلان شارق ، سینئر آڈیٹر فنانس ڈیپارٹمنٹ سید صفدر نے اپنی خدمات سر انجام دی۔