03-Oct-2026
ڈائریکٹر جنرل زین العابدین انصاری کی زیرِ صدارت کے ڈی اے کی ماہانہ پروگریس ریویو اور اسٹاف کمیٹی کا اجلاس
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری کی زیرِ صدارت کے ڈی اے کی ماہانہ پروگریس ریویو اور اسٹاف کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور زیرِ التوا امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کا بنیادی مقصد ترقیاتی سرگرمیوں کو محض معمول کی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے ان کی باقاعدہ نگرانی، بروقت تکمیل اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک مؤثر اور قابلِ عمل نظام وضع کرنا تھا۔ اس موقع پر جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ ماہ کی ترجیحی سرگرمیوں کا تعین کیا گیا اور ان کے لیے واضح ایکشن پلان مرتب کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔اجلاس میں عدالتی مقدمات اور دیگر اہم قانونی معاملات کے حوالے سے متعلقہ فیصلوں اور جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف شعبہ جات میں زیرِ التوا کاموں کی وجوہات جاننے اور ان رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات اور مربوط حکمتِ عملی مرتب کرنے پر غور کیا گیا،ڈائریکٹر جنرل زین العابدین انصاری نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ ادارے کی کارکردگی کا اصل مقصد شہریوں کو بہتر اور بروقت سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار، شفافیت اور مقررہ مدت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی مرحلے پر غیر ضروری تاخیر کی وجوہات کی نشاندہی کرکے فوری طور پر ان کا حل تلاش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ پروگریس ریویو کا مقصد صرف رپورٹس کا جائزہ لینا نہیں بلکہ مسائل کی نشاندہی، ذمہ داریوں کا تعین اور ان کے عملی حل کے ذریعے ادارے کی مجموعی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ تمام افسران اور متعلقہ شعبہ جات باہمی رابطے اور ٹیم ورک کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ کے ڈی اے کے زیرِ نگرانی جاری منصوبوں کے ثمرات شہریوں تک جلد پہنچ سکیں۔اجلاس میں متعلقہ افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات کی پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ اجلاس کے اختتام پر آئندہ ماہ کے لیے ترجیحی امور، ایکشن پلان اور مختلف معاملات پر ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔