13-Oct-2026
سرجانی ٹاؤن شپ، نارتھ کراچی ٹاؤن شپ اور فیڈرل بی ایریا میں سرکاری اراضیوں کا معائنہ، مجوزہ نیلامی کے لیے موزوں پلاٹس کی نشاندہی
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری نے سرجانی ٹاؤن شپ، نارتھ کراچی ٹاؤن شپ اور فیڈرل بی ایریا میں موجود سرکاری اراضیوں کا دورہ کیا اور مجوزہ نیلامی کے لیے دستیاب پلاٹس کی صورتحال، اہمیت اور موزونیت کا تفصیلی جائزہ لیا، دورے کا بنیادی مقصد ادارے کے مالی وسائل میں اضافے، آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنے اور قانونی تقاضوں کے مطابق مالی واجبات کی ادائیگی کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔ڈی جی کے ڈی اے نے سرجانی ٹاؤن شپ کے سیکٹر 7-B اور سیکٹر 11-B میں واقع قیمتی سرکاری اراضیوں کا معائنہ کیا، متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرسرجانی ٹاؤن شپ محمد حمزہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان سیکٹرز میں موجود اراضیوں کو آئندہ نیلامی کے عمل میں شامل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے نارتھ کراچی ٹاؤن شپ کے سیکٹر 5-D اور 5-F کے دیگرسیکٹرز میں موجود سرکاری اراضیوں کا بھی جائزہ لیا، جہاں آئندہ نیلامی کے لیے ممکنہ پلاٹس کی فہرست مرتب کرنے سے متعلق امور کا معائنہ کیا گیا۔ متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرنے ڈی جی کے ڈی اے کو اراضیوں کی موجودہ صورتحال، نوعیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران ڈی جی کے ڈی اے نے فیڈرل بی ایریا بلاک 11میں واقع ایل ایس پلاٹس کا بھی معائنہ کیا، ایگزیکٹو انجینئر نارتھ کراچی ناصر صدیقی نے سرکاری اراضیوں کی تفصیلات اور ان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے زین العابدین انصاری نے کہا کہ ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنانا اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ہماری اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی مقصد کے تحت آئندہ نیلامی کے لیے سرکاری اراضیوں کی نشاندہی اور متعلقہ امور کو حتمی شکل دینے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں کے ڈی اے کے پنشنرز کے واجبات کی مقررہ مدت میں ادائیگی یقینی بنانے کے لیے ادارہ سنجیدہ اور عملی کوششیں کر رہا ہے۔ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ نیلامی کے عمل میں سندھ کے دیگر شہروں اور ملک بھر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو شرکت کے مواقع میسر آئیں، تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق پلاٹس حاصل کرکے اپنے گھر کی تعمیر کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی ادارے کے مالی استحکام اور واجبات کی ادائیگی میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیلامی کے تمام مراحل میں شفافیت، قانونی تقاضوں اور میرٹ کو مقدم رکھا جائے گا، تاکہ ادارے کے مالی معاملات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کا اعتماد بھی برقرار رکھا جا سکے۔اس دوران ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ سید زین شاہ بھی موجود تھے۔