Welcome to Karachi Development Authority

Mon to Fri - 9am to 5pm

Address

Civic Center, Karachi

Send Us Mail

info@kda.gos.pk

News Details

16-Oct-2026

لائنز ایریا پارکنگ پلازہ کو فعال بنانے اور آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنے کے لیے ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری کے عملی اقدامات

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری نے لائنز ایریا میں واقع غیر فعال پارکنگ پلازہ کو فعال بنانے اور اس سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طویل عرصے سے غیر فعال اس منصوبے کو دوبارہ کارآمد بنانا، علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا، عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ادارے کے لیے آمدن کے پائیدار ذرائع پیدا کرنا ہے۔اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری نے کہا کہ لائنز ایریا پارکنگ پلازہ ایک اہم منصوبہ ہے، جسے مؤثر منصوبہ بندی اورانتظامی اقدامات کے ذریعے علاقے کے رہائشیوں اور تاجروں کے لیے مفید بنایا جا سکتا ہے بلکہ یہ ادارے کی مالی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس ضمن میں ممبر فنانس کے ڈی اے نوید انور صدیقی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ (LARP)محمد عمر فاروق نے مختلف تجاویز پیش کیں۔ تمام مجوزہ اقدامات کو قواعد و ضوابط کے مطابق لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ بورڈ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد منظور شدہ منصوبہ بندی کے تحت عملی پیش رفت کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پارکنگ پلازہ میں 159 سے زائد دکانیں اور 120 سے زائد دفاتر موجود ہیں، جنہیں مؤثر انتظامی حکمت عملی کے تحت بروئے کار لا کر آمدن کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ دکانوں اور دفاتر کے استعمال، دستیابی اور مستقبل میں ان سے حاصل ہونے والی آمدن کے امکانات کا جائزہ لے کر معاملہ متعلقہ بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا، تاکہ قانونی تقاضوں اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق ان اثاثوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے۔اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر لارپ محمد عمر فاروق نے بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی کو بتایا کہ پارکنگ پلازہ میں موجود سرکاری املاک کا دو بار آکشن نتائج کے برعکس رہا، اس وجہ سے پارکنگ پلازہ کی دوکانیں اور دفاتر خستہ حالی کا شکار ہوئے، ہمیں جلد پروجیکٹ کے حوالے سے آمدنی کے لئے نئے ذرائع پر کام کرنا ہوگا، اسی سلسلے میں مختلف افراد اور اداروں نے بلڈنگ میں موجود سرکاری املاک میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، ڈی جی کے ڈی اے نے پروجیکٹ لارپ کو ہدایات جاری کیں کہ قابل عمل تجاویز جلد از جلد پیش کیں جائیں جس سے لارپ کی آمدنی میں اضافہ ہوسکے۔ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری کے مطابق پارکنگ پلازہ کو فعال بنانے سے علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے اور گاڑیوں کی پارکنگ کے بہتر انتظام کے ذریعے ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ کو درپیش بعض انتظامی اور مالی مشکلات، بشمول تنخواہوں سے متعلق مسائل، کے حل کے لیے بھی آمدن کے نئے ذرائع معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔