08-Nov-2026
ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد، مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کو معاشرے کی اصل خوبصورتی قرار دے دیا
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری نے دیوالی کے پُرمسرت موقع پر پاکستان سمیت سندھ بھر میں آباد ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی خوشیوں، روشنیوں اور نئی امیدوں کا پیغام دینے والا تہوار ہے، جو ہمیں محبت، امن، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب، ثقافتوں اور روایات کا خوبصورت امتزاج ہے۔ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں تمام شہریوں کا کردار یکساں اہمیت رکھتا ہے۔ کسی بھی معاشرے کی اصل طاقت وہاں بسنے والے افراد کے درمیان باہمی احترام، مساوات اور یکجہتی کے جذبے میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ڈی جی کے ڈی اے نے اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی کے موقع پر گھروں اور عبادت گاہوں میں روشن ہونے والے چراغ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ محبت اور انسانیت کی روشنی سے نفرت، تعصب اور دوریوں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جہاں ہر شہری کو اپنے مذہب، عقیدے اور تہوار کے مطابق زندگی گزارنے کا مکمل احترام اور آزادی حاصل ہو۔زین العابدین انصاری نے مزید کہا کہ اقلیتوں سمیت معاشرے کے ہر فرد کی خوشیاں اور احساسات ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ باہمی محبت، برداشت اور انسانیت کی خدمت ہی ایک پُرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں۔انہوں نے ہندو برادری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ دیوالی کا یہ تہوار سب کی زندگیوں میں خوشیاں، امن، ترقی اور خوشحالی لے کر آئے۔