Welcome to Karachi Development Authority

Mon to Fri - 9am to 5pm

Address

Civic Center, Karachi

Send Us Mail

info@kda.gos.pk

News Details

14-Oct-2026

خواتین اور بچیوں کے لیے محفوظ سفری سہولیات اور بہتر شہری ماحول کی فراہمی کے لیے کے ڈی اے اور عالمی بینک کے وفد کے درمیان اہم اجلاس

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری کی زیرِ صدارت سوک سینٹر میں کراچی موبلٹی پراجیکٹ (یلو لائن بی آر ٹی) کے تحت خواتین اور بچیوں کی محفوظ آمدورفت اور عوامی مقامات تک آسان رسائی سے متعلق عالمی بینک کی جانب سے جاری جائزے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کے ڈی اے کے چیف انجینئر، ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ اور ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ اربن ڈیزائن کے علاوہ عالمی بینک اور کراچی موبلٹی پراجیکٹ کے نمائندگان نے شرکت کی۔ وفد میں عالمی بینک کے ٹرانسپورٹ اسپیشلسٹ بلال پراچہ، عالمی بینک کے کنسلٹنٹس یوسف منیر، ہبہ شیخ، فاطمہ احسان اور ریجہ حیدر، جینڈر اسپیشلسٹ کراچی موبلٹی پراجیکٹ یلو لائن بی آر ٹی حرا نذیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کراچی موبلٹی پراجیکٹ غفران خان شامل تھے۔اجلاس میں خواتین اور بچیوں کے لیے محفوظ، قابلِ رسائی اور سازگار شہری ماحول کی فراہمی کے حوالے سے کے ڈی اے کے جاری اقدامات اور مستقبل میں مزید مؤثر کردار ادا کرنے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پلوں کے نیچے موجود جگہوں کی خوبصورتی اور بہتر استعمال، پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ اور معیاری راستوں کی تعمیر، کے ڈی اے کے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے ذریعے ٹریفک سگنلز کی بہتری، پیدل آمدورفت میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خاتمے اور ترقیاتی منصوبوں میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنانے جیسے اہم امور زیرِ غور آئے۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ شہری ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور تکمیل کے دوران خواتین اور بچیوں سمیت تمام شہریوں کی حفاظت، سہولت اور آسان نقل و حرکت کو خصوصی اہمیت دی جائے، جبکہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر تاریک جگہوں اور ایسے مقامات کی نشاندہی کرکے روشنی اور دیگر ضروری سہولیات بہتر بنائی جائیں جہاں آمدورفت میں مشکلات یا عدم تحفظ کا خدشہ ہو۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون کے ذریعے کراچی میں محفوظ، جامع اور بہتر شہری سفری سہولیات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔


News Photo Gallery